کراچی میں امن قیام ہونے سے ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے: گورنر سندھ

کراچی میں امن قیام ہونے سے ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے: گورنر سندھ
کراچی میں امن قیام ہونے سے ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے: گورنر سندھ

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میں سرمایہ کاری، صنعتی، کاروباری، تجارتی، سماجی، ثقافتی اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، کراچی ایک با ر پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک تجارتی ، کاروباری ، سماجی اور دیگر سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، وفاقی حکومت کے اقدامات کے باعث صوبہ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جس سے عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہو رہا ہے۔

گورنر ہاوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اتوار کوگورنر ہاﺅس کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کی عمومی صورتحال ، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی کام کی رفتار اور تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے گورنر سندھ کو صوبے بلخصوص کراچی میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ میں وفاق کے تعاون سے تشکیل دیئے گئے ترقیاتی منصوبے اہم ثابت ہونگے، لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے ٹریفک کے اڑدھام کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ، گرین لائن منصوبہ سے شہر کے ایک بہت بڑے علاقہ کو جدید ، معیاری، سستا اور آرام دہ سہولت حاصل ہوگی اس ضمن میں ماس ٹرانزٹ روٹس کی دیگر لائنوں پر بھی کام جاری ہے۔

مزید : قومی