50لاکھ گھروں کی تعمیر میں نجی شعبے کو کردار ادا کرنا ہوگا،علیم خان

50لاکھ گھروں کی تعمیر میں نجی شعبے کو کردار ادا کرنا ہوگا،علیم خان

لاہور(این این آئی) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ملک میں50لاکھ گھروں کی تعمیر(بقیہ نمبر33صفحہ12پر )

کیلئے نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا ،وزیر اعظم عمران خان کم آمدنی والوں بالخصوص غریب طبقے کو اپنے گھروں کا مالک بنانا چاہتے ہیں اورانہیں اپنی چھت کی فراہمی کیلئے کم سے کم قیمت میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر مختلف پہلوؤں سے کام جاری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان "آباد"کے اراکین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں گھروں کی تعمیر بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ، تعمیراتی اور ہاؤسنگ کے شعبے میں نئے چیلنجز درپیش ہیں اور شہری ادارں کیلئے نئے بائی لاز کی تشکیل اور دیرپا منصوبہ بندی پر کام شروع ہے ،اب ہمیں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کیلئے کام کرنا ہوگا ، امریکہ اور یورپ کی طرح پاکستان میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کیلئے مارٹ گیج پالیسی تشکیل دینا ہوگی تاکہ لو کاسٹ ہاؤسنگ کیلئے کم سے کم شرح پر محفوظ قرضوں کی فراہمی عمل میں لائی جا سکے جن کی عدم ادائیگی کی صورت میں مالیاتی اداروں کو گھروں کی قرقی کا اختیار حاصل ہو ، انہوں نے "آباد"کے اراکین سے کہا کہ وہ ہاؤسنگ کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے آگے بڑھیں اور حکومت کو اپنے تجربات کی روشنی میں ایسی تجاویز دیں جن پر عمل کر کے ہاؤسنگ انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے پیش رفت کی جا سکے،ملاقات میں گوھر اعجاز اور آباد کے دیگر اراکین اکبر شیخ ،ایوب اظہر،شیراز منوں ،کامران شجاع اور ساجد سعیدنے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر کو بتایا کہ اُن کی ایسوسی ایشن اُن کے اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور تعمیرات کے شعبے میں درپیش مسائل اجاگر کیے جارہے ہیں ،انہوں نے سینئر وزیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر