لیاقت پور کو ترقی یافتہ تحصیل بنانے کی کوششیں تیز ‘ چودھری مسعود احمد

لیاقت پور کو ترقی یافتہ تحصیل بنانے کی کوششیں تیز ‘ چودھری مسعود احمد

  

لیاقت پور(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود احمد نے کہاہے کہ انسانی ترقی و خوشحالی اور علاقائی انفراسٹرکچر کی بحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ لیاقت پور کو جنوبی پنجاب کی ترقی یافتہ اور جدید تحصیل بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے(بقیہ نمبر18صفحہ12پر )

جائیں گے۔ پریس کلب رجسٹرڈلیاقت پور کے پروگرام ’’گیسٹ آف دی ڈے‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آبادی اور مسائل کے بڑھنے سے ترقی کے اہداف بھی تبدیل ہوچکے ہیں۔ لیاقت پور میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرکی سطح کا ہسپتال بنانے کے لئے وزیراعلیٰ وزیر صحت اور سیکرٹری صحت پنجاب سے بات ہوچکی ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی آئی سی یو اور دیگر سہولیات کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت پور میں جاری میگاسیوریج سسٹم کے نقائص اور تکنیکی خرابیوں کو دور کیاجارہاہے۔ چوک اللہ آباد تا چوک فوارہ براستہ جنوبی ریلوے کراسنگ سڑک کی بحالی کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کے فنڈزمختص کئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ گرلز کالج میں 20نئے کمروں ،آڈیٹوریم اور ہاسٹل کی تعمیر کے بعد یہاں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا سب کیمپس بنایاجائے گا اس مقصد کے لئے وائس چانسلرسے بات ہوچکی ہے۔ چوہدری مسعود احمد نے کہاکہ حلقہ 257میں کینال سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے کوشش کی جارہی ہے تاکہ زمینداروں اور کاشتکاروں کو معاشی بدحالی سے نکالا جاسکے۔ شہر ،چولستان اور عباسیہ میں نئی رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی بحالی ومرمت پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ آئندبجٹ میں حلقہ کے عوام کو بڑی خوشخبریاں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت پور کو کلین اینڈ گرین بنانے کے لئے بھی نہروں کے کناروں پر پھلدار درخت لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ چوہدری مسعود احمد نے کہاکہ یہاں کے عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے ہی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ لیاقت پور کو ضلع کا درجہ دلانے کے لئے ان کی کاوشیں جاری رہیں گی کیونکہ پی ٹی آئی کی میرٹ پالیسی کے عین مطابق لیاقت پور کو ضلع کا درجہ ملنا اس کا حق ہے۔ صحافی برادری ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے ان کی معاونت کرے تنقیدکاخیرمقدم کیاجائیگا۔صدر پریس کلب وحیدرشدی نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہتے ہوئے پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد رفیق چوہدری ،سابق وائس چیئرمین آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ کے علاوہ سید رضاگیلانی ،طارق علوی ،مہر عبدالوحید سیال، چوہدری شفقت محمود ، راشد شاہین چوہان،میاں شاہد جاوید، وفاسلیم تسکین، سید عامر شاہ، کاشف سلمان ،چوہدری بشیر احمد ،حاجی شبیر عامر، ارشد امین چوہدری، طارق محمود شاد، ممتاز حسین ،عاصم ممتاز، بلال چوہدری بھی موجود تھے۔

چودھری مسعود احمد

مزید :

ملتان صفحہ آخر -