کالی آندھی کی گوروں کوپہلے ٹیسٹ میں 381رنز سے شکست

کالی آندھی کی گوروں کوپہلے ٹیسٹ میں 381رنز سے شکست

  

برج ٹاؤن(اے پی پی) جیسن ہولڈر کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کے بعد روسٹن چیس کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت کالی آندھی نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 381 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ ویسٹ انڈیز کی رنز کے اعتبار سے بڑی فتح ہے، انگلش ٹیم 628 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، روری برنز کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی روسٹن چیس کی گھومتی ہوئی جادوئی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، برنز 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، روسٹن چیس نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے اننگز میں 60 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جیسن ہولڈر کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو برج ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 56 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 572 رنز درکار تھے، روسٹن چیس نے جادوئی سپن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، روری برنز کے سوا کوئی بھی بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکا، برنز نے 84 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، کیٹن جیننگز 14، جونی بیئرسٹو 30، کپتان جوروٹ 22، بین سٹوکس 34، جوز بٹلر 26، معین علی صفر، بین فوکس 5، ثام کیورن 17 اور عادل رشید ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جیمز اینڈرسن نے 4 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، روسٹن چیس نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شینن گبرائل اور جوزف نے ایک، ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے 415 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 628 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -