نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیپال کی 22 رکنی خواتین ٹیم انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔پاکستان اور نیپال کی بلائنڈخواتین ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نیپال کی خواتین بلائنڈکرکٹ ٹیم براستہ واہگہ بارڈر لاہورپہنچ گئی۔ نیپالی ٹیم کاا استقبال واہگہ بارڈرپر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سید سلطان شاہ نے کیا۔ اس موقع پر پی بی سی سی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سلمان بخاری،ڈائریکٹرکوآرڈینیشن آصف عظیم، عبدارزاق،طاہربٹ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرمہمان کھلاڑیوں کوپھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔چئیرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ پانچ میچز پر مشتمل سیریزکی افتتاحی تقریب 28 جنوری کو لاہورکے الحمرا ہال میں منعقد ہو گی ۔ سیریز کا افتتاحی میچ 29 جنوری کو لاہورکے کنیئرڈ کالج ویمن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا۔ 31 جنوری کو دوسرا میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد، یکم فروی کو تیسرا میچ ڈویژنل پبلک سکول گراؤنڈ فیصل آباد میں ہو گا جبکہ سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ3 اور 4 فروری کو اسلام آبادکے شالیمار کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ نے اس سیریز کو پہلی بین الاقوامی سیریز قرار دیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی بلائنڈ خواتین ٹیموں کے درمیان جو سیریز کھیلی گئی تھی، اس کی منظوری ورلڈ بلائنڈ کرکٹ سے نہیں لی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام نیپال کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کی تیاری کیلئے قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر ہوگیا ہے۔ کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ نفیس احمد، اسسٹنٹ کوچ بختاور اور ٹرینر شاہدہ نے جدید اور اعلیٰ معیار کی ٹریننگ دی ہے۔پاکستان کی کھلاڑیوں میں کپتان رابعہ شہزادی، صباح گل، اقصیٰ عارف، بشرہ ظہور، سمیہ ممتاز، انیلا شہزادی، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرہ رفیق، رابیعہ جاوید، نشہ بخش، بسمہ حسین، کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی