کراٹے میں ملک کانام روشن کرناچاہتاہوں:عدنان اسلم

کراٹے میں ملک کانام روشن کرناچاہتاہوں:عدنان اسلم

  

اسلام آباد(اے پی پی) انٹرنیشنل کراٹے کھلاڑی محمد عدنان اسلم نے کہا ہے کہ حکومت سہولیات فراہم کرے تو انٹرنیشنل سطح پر کراٹے کے کھیل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چیمپئن شپ کی تیاری ابھی سے شروع کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ’’میڈیا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اتنی سہولیات موجود نہیں ہیں جتنی غیر ملکی کھلاڑیوں کو مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کی بے روزگاری کا ہے حکومت کو اس پر جلد سے جلد قابو پانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مجھے بھی تربیت کیلئے بیرون ممالک بھیجے تو انٹرنیشنل سطح پر مزید ملک کا نام روشن کرؤنگا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی گوجوریو کراٹے چیمپئن شپ رواں سال ستمبر میں کوالالمپور، ملائیشیا میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے اور میں اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔ عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے تیاری ابھی سے شروع کردی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر پریکٹس میں مصروف ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں عدنان اسلم نے کہاکہ کوئی بھی کھیل کسی بھی ملک میں حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، حکومت اور سپانسر کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دے تاکہ دوسرے کھیل بھی ترقی کر سکیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے گراس روٹ سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اور ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی ادارے بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی بھی ضرورت ہے جو کہ ابھی ان مقابلوں کے انعقاد نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992ء میں عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ کھیل اور کھلاڑیوں کے بہتر طور پر مسائل جانتے ہیں۔

اور عمران خان کو ذاتی دلچسپی لے کر کھلاڑیوں کے مسائل حل کروانے چاہئے۔ واضع رہے کہ محمد عدنان اسلم گذشتہ برس نومبر میں جکارتہ انڈونیشیا میں کھیلی گئی ایشین گوجوریوکراٹے چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -