حکومت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے،ہاشم ڈوگر

حکومت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے،ہاشم ڈوگر

لاہور(سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل(ر) محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سنگین چیلنج کا بھرپور ادراک رکھتی ہے اور اس وجہ سے پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاکر مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام سیاسی، سماجی، معاشرتی اور مذہبی پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے اور معاشرے کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سے مل کر عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے محکمہ بہبود آبادی جہلم کے زیراہتمام ’’تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے اثرات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ڈسٹرکٹ سمپوزیم کے شرکاء سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور ، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ یاور کمال ، چوہدری ظفراقبال ، ضلعی آفیسر بہبود آبادی جہلم بابر ظہیراور ڈسٹرکٹ خطیب جہلم قاری طارق محمود بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل(ر) محمد ہاشم ڈوگر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس سنگین مسئلہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر تمام سرکاری و نجی اداروں کے درمیان باہمی روابط سے آبادی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے باہمی مشاورت سے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جاری اقدامات کو عملی شکل دینے کے لئے پاپولیشن کنٹرول کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے اور ڈی سی کمپلکس جہلم میں پاپولیشن کاؤنٹر بھی قائم کر دیا ہے ۔ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے غربت، بیروزگاری اور جہالت کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آبادی اور وسائل کے توازن سے ہی سماجی ترقی ممکن ہے ۔ڈسٹرکٹ خطیب جہلم قاری طارق محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام اور خاندانی منصوبہ بندی متصادم نہیں بلکہ اسلام تو ماں اور بچے کی صحت پر بہت زور دیتا ہے اور ماؤں کو اپنے بچوں کو دو سال تک دودھ پلانے کا حکم دیتا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1