سینیٹ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا اجلاس آج دفتر خارجہ میں ہو گا

سینیٹ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا اجلاس آج دفتر خارجہ میں ہو گا

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس آج (پیرکو) دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہو گا۔ یہ اجلاس پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی اراکین کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر دفتر خارجہ میں آنے کی دعوت دی ہے۔ کمیٹی اراکین کو یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری 2019ء کے سلسلے حکومتی تیاریوں کے سلسلے میں بریفنگ دی جائے گی اور کشمیریوں سے دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص برطانیہ میں اظہار یکجہتی کے مجوزہ پروگراموں سے آگاہ کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر پر دیرینہ قومی موقف کے تناظر میں کمیٹی اپنی تجاویز دفتر خارجہ میں پیش کرے گی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ دورہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں پارلیمنٹ کے فعال کردار کے حوالے سے کیا جا رہا ہے اور پالیسی میں پارلیمنٹ کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی تاکہ اس مسئلے کو موثر انداز میں فعالیت کے ساتھ دنیا بھر میں اجاگر کیا جا سکے اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ قائمہ کمیٹی خارجہ امور اپنی سفارشات کا اعلان بھی کرے گی۔

سینیٹ کمیٹی

مزید : علاقائی