شام میں امریکی اتحاد کے داعش کے ٹھکانے پر میزائل حملے ،42افراد ہلاک

شام میں امریکی اتحاد کے داعش کے ٹھکانے پر میزائل حملے ،42افراد ہلاک

  

دمشق(این این آئی)شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں امریکا کی قیادت میں اتحاد کے داعش کے ٹھکانے پر میزائل حملے میں 42 افراد ہلاک ہوگئے ۔ان میں تیرہ عام شہری ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ دیر الزور میں واقع ایک گاؤں باغوز کے نزدیک زرعی فارم میں مکانوں پر کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے گئے ہیں۔ مارے گئے تیرہ شہریوں میں سات شامی اور چھ عراقی ہیں۔امریکی اتحاد نے فوری طور پر اس میزائل حملے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم اس نے ماضی میں کہا تھا کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کرے گا۔رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے کہا کہ اس علاقے کو انتہا پسند جوابی حملوں کے لیے استعمال کررہے تھے ۔

شامی جمہوری فورسز ( ایس ڈی ایف ) گذشتہ سال ستمبر سے صوبہ دیر الزور میں دریائے فرات کے مشرقی کنارے میں واقع علاقے سے داعش کے خلاف جنگ آزما ہیں اور انھوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں بڑی تیزی سے پیش قدمی کی ہے۔ ایس ڈی ایف نے امریکا کی قیادت میں اتحاد کی مدد سے داعش کو شام کے بیشتر علاقوں سے نکال باہر کیا ہے اور اب داعش کے زیر قبضہ چند ایک علاقے ہی رہ گئے ہیں۔داعش کے جنگجو بھی جوابی کارروائیاں کررہے ہیں۔ انھوں نے جمعرات کو باغوز پر قبضے کے لیے جوابی حملہ کیا تھا لیکن ان کا یہ حملہ ناکام رہا تھا۔ اس لڑائی میں طرفین کے 50 جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید :

عالمی منظر -