جوانوں کو قرض سے چھوٹی صنعتیں ترقی کرینگی ،10لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی ،عثمان ڈار

جوانوں کو قرض سے چھوٹی صنعتیں ترقی کرینگی ،10لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی ،عثمان ...

اسلام آباد (اے پی پی) امورنوجوانان کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈارسے چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبارکی ترقی کے ادارہ (سمیڈا) کے وفد نے سیکرٹری صنعت وپیداوار کی قیادت میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مجوزہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اس بارے میں سمیڈا کی جانب سے آگاہی دینے سے متعلق امورکا جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے اس موقع پر کہاکہ حکومت کے اس اہم اقدام سے نہ صرف ملک میں چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کوفروغ ملیگا بلکہ اس سے روزگار کے 10لاکھ مواقع بھی پیداہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جیسے ممالک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کوکلیدی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ شعبہ نہ صرف روزگارکے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ مجموعی ملکی پیداوار میں اضافہ کا بھی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کی اہمیت کے پیش نظر موجودہ حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت نہ صرف مالی بلکہ تکنیکی تعاون بھی فراہم کررہی ہے۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سمیڈا ملکی اوربین الاقوموامی طورپر چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کے 25 سرفہرست شعبوں کا تعین کریں گی اس کے علاوہ سمیڈ اکے تحت قابل عمل فزایبلٹی رپورٹ بھی تیارکریں گی تاکہ قرضہ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو کاروبار کے بارے میں پوری آگاہی دی جاسکے۔عثمان ڈار نے ملک میں چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کی ترقی میں وزارت صنعت وپیداواراورسمیڈا کی کاؤشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت صنعت وپیداوار اور سمیڈا کوچھوٹے اوردرمیانہ درجے کے کاروبار کے شعبہ میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع کی فراہمی میں کرداراداکرنا چاہیے۔

مزید : کامرس