ملک کے اکثر مقامات پرآج موسم سرد،میدانی علاقوں میں دھند کا امکان

ملک کے اکثر مقامات پرآج موسم سرد،میدانی علاقوں میں دھند کا امکان

  

لاہور، کراچی، کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ کل اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ تاہم مکران، قلات، سکھر ڈویڑن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، حیدر آباد اور کراچی ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سکردو منفی 16، کالام منفی 15، استور منفی 13، بگروٹ منفی 12، گوپس منفی 10، ہنزہ منفی 09، مالم جبہ منفی 08، دروش منفی 06، راو لاکوٹ، دیر منفی 05، میر کھانی، قلات، پارہ چنار منفی 04، کاکول، کوئٹہ منفی 03، ڑوب،گلگت، چترال، مری منفی 02، چلاس اور گڑھی دوپٹہ منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تیس اوراکتیس جنوری کو کراچی میں بارش کا نیا سسٹم آنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔کراچی میں گزشتہ رات ڈیفنس ، کلفٹن، شارع فیصل ، آئی آئی چندریگر روڈ اورفیڈرل بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے۔شمال مشرق سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش برسانے کا نیا سسٹم منگل کو داخل ہوگا جو جمعہ تک شدید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسم

مزید :

صفحہ آخر -