اے پی این ایس کے مسائل جلد حل ہونے چاہئیں، پرویز الٰہی

اے پی این ایس کے مسائل جلد حل ہونے چاہئیں، پرویز الٰہی

لاہور(این این آئی ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون بنایا جس کا فائدہ اپوزیشن کو پہنچا۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں مہتاب خان، مجیب الرحمن شامی، رمیزہ نظامی، خوشنود علی خان، سرمد علی، جمیل اختر، ممتاز طاہر، عثمان مجید شامی، بلال محمود، شاہد محمود، ہمایوں گلزار، رحمت علی رازی، ڈاکٹر تنویر طاہر، نوید چودھری، سردار خان نیازی، عمران اطہر شامل تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اے پی این ایس کو درپیش مسائل و مشکلات کا جائزہ لے رہے ہیں ان کا جلد حل چاہتے ہیں، میڈیا کارکنوں کی بڑے پیمانے پر برطرفیاں تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کو صرف تنقید نہیں بلکہ حکومت اور اپوزیشن کی رہنمائی کرنی چاہئے، بطور سپیکر میرا رول غیر جانبدارانہ ہے، پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار سانحہ ساہیوال جیسے واقعہ پر اِن کیمرہ بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا سب اسمبلیوں میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون تھا لیکن پنجاب میں ایسا کوئی قانون نہیں تھا۔ اے پی این ایس کے وفد نے بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے دورکو پنجاب باالخصوص میڈیا کیلئے سنہری دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اخبارات، ٹی وی کا نظام بڑے اچھے طریقے سے چل رہا تھا، صحافیوں کیلئے کالونیوں کا قیام ایسے کام ہیں جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے علاوہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے آپ نے مثالی اور تاریخی اصلاحات کی تھیں، شعبہ صحت میں میو ہسپتال میں سرجیکل ٹاور، برن سنٹر، کارڈیالوجی ہسپتالوں کا قیام، ملتان برن سنٹر قابل ذکر ہیں۔

پرویز الٰہی

مزید : صفحہ آخر