پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،محمدحسین محنتی

پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،محمدحسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمورپورے سندھ بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،صوبہ کے ہرچھوٹے بڑے مقامات پرریلیاں ومظاہرے کرکے بھارتی مظالم کے خلاف اورکشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیا جائے گا، رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں 31مارچ کو سکھر میں ورکرز کنونشن منعقد ہوگا جس سے مرکزی امیرسینیٹر سراج الحق ودیگر قائدین خطاب کرینگے، سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا مکمل حصہ دیا جائے،کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور سندھ کی تعمیر وترقی کیلئے عوام کو دیانتدار ومتبادل قیادت پیش کریں۔ امریکہ طالبان مذاکرات کی کامیابی امن کی طرف اہم پیش رفت ہے، افغانستان نہ صرف ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے بلکہ احیائے اسلام اور دین کی سربلندی کیلئے ہمیشہ اس کا اہم کردار رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں اجلاس میں مرحومین کی مغفرت، بیماروں کی صحتیابی کی دعا کے علاوہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے گذشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ اور آئندہ کا منصوبہ پیش کیا، جبکہ سیاسی صورتحال، صحت، تعلیم ،زراعت ودیگر امور پر متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی کی وجہ سے خوکشی سمیت قتل وغارتگری کے واقعات حکومت کی ناکامی اور معاشرے کا بگاڑہے جو بڑی تیزی کے ساتھ معاشرے میں ناسور کی طرح پھیل رہا ہے،اصلاح معاشرہ اور بدی کے خاتمے ونیکی کے فروغ کیلئے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ منصوبہ عمل پر عمل درآمد کیلئے پوری ٹیم کو فعال ومتحرک کیاجائے،سہ ماہی ششماہی مجلس شوریٰ سمیت ہر سطح کے فورم پر اس کا جائزہ لیا جائے، اقامت دین کی جدوجہد ایک بڑا مشن ہے، قابل رشک ومبارکباد ہیں وہ لوگ جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کے کام کیلئے منتخب کیا ہے۔