بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار شخص کا تعلق کس سے ہے اور اس سے پہلے کیا کیا سمگل کر چکا ہے ؟ تہلکہ خیز انکشاف
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ایئر پورٹ پر کرنسی سمگل کرتے ہوئے گرفتار ہونے والے شخص سے تفتیش میں کئی اہم ترین انکشافات ہوئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ماجد خا ن نامی اس شخص کو کسٹم حکام کی جانب سے ایبٹ آباد ایئر پورٹ پر بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ حکام کا کہناہے کہ ہفتے کے روز گرفتاری سے قبل ماجد خان 50 سے زائد مرتبہ بیرون ملک کے چکر لگا چکا ہے اور کرنسی سمگل کر تا رہاہے ۔ وہ متعدد بار مشرقی وسطیٰ ، جنوبی افریقہ اور سیرا لیونی میں جا چکا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ ماجد آنے اور جانے کیلئے ہر مرتبہ مختلف ایئر پورٹ کا انتخاب کرتا تھا تاہم اب کرنسی سمگلنگ میں اس کی مدد کرنے والے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کیلئے ایئر پورٹس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئیں ہیں ۔
حکام کا کہناتھا کہ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ماجد خان ایک منظم منی لانڈرنگ کے نیٹ ورک کے ساتھ جڑا ہواہے جو کہ موبائل فون اور سونے کی سمگلنگ بھی کرتا رہاہے ۔