چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار
چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فلم اور موسیقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے دنیا کی معروف چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے پاکستان میں فلم اور میوزک کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اطلاعات نے موسیقی کی ترویج اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے متعلقہ چینی کمپنی اور وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے کے مابین باقاعدہ معاہدہ کرنے کی تجویز دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی موسیقی بھرپور اور متنوع ہے، چاہتے ہیں کہ ہمارے فنکار اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرتے ہوئے کثیر الجہت ثقافت کو موسیقی کے ذریعے فروغ دیں۔ پاکستانی موسیقی برصغیر سمیت دیگر علاقوں میں مقبول ہے، ہماری دھرتی نے استاد نصرت فتح علی خان جیسا عظیم موسیقار پیدا کیا جنہوں نے موسیقی کے فن میں نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا، لوک ورثہ معدوم ہوتے موسیقی کے آلات کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں سیاحت ، کھیل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نیا ویزا رجیم متعارف کرایا ہے، فلم اور موسیقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فلمیں کسی بھی ملک کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں، ایک وقت تھا جب پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم پروڈیوسر تھا لیکن پھر فلم سازی میں کمی آئی۔ اس وقت پاکستان میں 172 سینما سکرینز ہیں جنہیں بڑھا کر ایک ہزار تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید :

قومی -تفریح -