آٹے کا فقدان حکمرانوں کی ناکام گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے،ذکر اللہ مجاہد

آٹے کا فقدان حکمرانوں کی ناکام گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  



لاہور(پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ زرعی ملک میں روٹی اور آٹے کا فقدان حکمرانوں کی ناکام گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عام آدمی کے گھر کا چولہہ بند اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ تحریک انصاف کے 18 ماہ کے دور اقتدار میں بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری نے پوری قوم کے ساتھ پی ٹی آئی کے ووٹر سپورٹر کو بھی شدید مایوس کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی اور عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ہر دوسرے دن ان میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ حکمرانوں کی طرز حکمرانی نے ثابت کیا ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں عوامی فلاح وبہبود شامل نہیں۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ اور عوام دشمن پالیسیوں پر عمل درآمد کرکے پوری قوم کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسا دیا ہے جس سے نکلناناممکن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے دام آٹا بیرون ممالک فروخت کرکے مہنگے دام خریدنے سے پوری قوم کے سامنے حکمرانوں کی نااہلی کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1