حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے،اعجاز عالم

حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے،اعجاز عالم

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عام لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ حکومت پنجاب 2020 میں ایک نئے عوامی جذبے کے تحت آگے بڑھتے ہوئے عام آدمی کی دہلیز تک وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں عام آدمی کے مسائل کا حل نکالنا شامل ہے کیونکہ بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے محض اشرافیہ کو نوازنے کے ساتھ کرپشن کے پہاڑ بنانے کے سوا کچھ نہیں کیااور اب تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں جو کہ ثابت کرتا ہے کہ وہ در حقیقت پاکستان کی ترقی اور اس کے عوام کی خوشحالی سے خوفزدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہا صوبائی وزیر نے گزشتہ روز نیومنسٹر بلاک کے دفتر میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سائلین سے ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ ماضی میں عوامی خدمت کے ایجنڈے کو یکسر نظرانداز کیا گیا تاہم تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے پرعزم ہے اور پاکستان میں بسنے والا عام آدمی بھی ان تمام بنیادی سہولتوں سے سے فیض یاب ہوگا جو کہ ماضی میں صرف اشرافیہ کے کوٹے میں ہی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام یقین رکھے کہ تبدیلی کے اس سفر میں پنجاب ایک مثالی صوبہ بن کر سامنے آئے گا جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں پاکستان بھر سے بدعنوانی کا خاتمہ ہر حال میں کیا جائے گا۔

اعجاز عالم

مزید : میٹروپولیٹن 1