مستحکم پاکستان کیلئے علماء،مشائخ کو متحد ہونا ہو گا،شبیر صدیقی
لاہور (نمائندہ خصوصی)تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاہے کہ مستحکم اور روشن پاکستان کیلئے علماء اکرام اور مشائخ عظام کو مل کر خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔ یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کا نہیں، ہمیں اپنے تمام تر ذاتی و مسلکی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور ایک پرُ امن پاکستان کی تکمیل کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پر مختلف شہروں سے آئے علماء اکرام اور مشائخ عظام کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کہاکہ ایک اللہ ایک رسول ؐ اور ایک کتاب مبین قرآن مجید کو ماننے کے باوجود ہم بلاجواز ایک دوسرے کی مخالفت اپنے دلوں میں لئے بیٹھے ہیں وفود میں پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر سید عدنان اکرم، پیر صباح محمود، پیر محمد راشد نقشبندی، پیر حاجی محمد افتخار نقشبندی، پیر محمد رمضان نقشبندی، پیر فریاد حسین، پیر محمد عاصم نقشبندی اور پیر امجداقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شبیر صدیقی