جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں،رفاقت گیلانی

جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں،رفاقت گیلانی

  



لاہور (فلم رپورٹر)حکومت پنجاب کے سیاسی معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی کا ضلعی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انفراسٹرکچر فنڈکا قیام عمل میں لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ صو بہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اب تک ایک ارب87کروڑ روپے کے جاری فنڈز میں سے مختلف منصوبوں پر ایک ارب 7کروڑروپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ 42 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 62 ارب روپے مختص کئے گئے جن میں سے 42 ارب روپے کے فنڈز ریلیز کئے جا چکے ہیں۔ حکومت نے جنوبی پنجاب کے شہر لیہ میں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تیز تر اقداما ت شروع کر دئیے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں 1000ملین روپے کی لاگت سے 200بستروں پر مشتمل ''مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال''کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے، جس کے لئے 15ملین روپے کے فنڈز کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ یہ ہسپتال200کنال رقبہ پر مشتمل ہو گا۔یہ ہسپتال جدید اور اعلیٰ معیار کا حامل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اعلیٰ معیار کی زندگی کی فراہمی میں کوشاں ہیں تاکہ لوگوں کو احساس کمتری اور پسماندگی سے نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پسماندہ علاقے کے لوگوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر ہر قسم کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے تیز ترین اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کی ترقی کی باتیں صرف کاغذی کاروائی تک محدود رہیں۔وزیر اعلیٰ جنوبی پنجا ب کے ہر علاقہ اور شہروں کو صوبے کے ماتھے کا جھو مر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔تمام محکموں کوسالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ جاری ہونے والے فنڈز کا بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بھی انڈسٹریل اسٹیٹس کو ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔ عبوری صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ فنکشنل ہے جبکہ پنجاب کابینہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت کمیشن کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔پنجاب میں مجموعی طور پر 455 لوکل گورنمنٹ وجود میں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں اور اس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر سیوریج اور واٹر سپلائی کی غیرفعال سکیموں کو بحال کیا جائے گا۔کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے ضروری مشینری خریدی جائے گی اور اس پروگرام کے تحت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کام ہوگا۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کا آغاز اگلے ماہ ہوگا۔دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت بھی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ہوگا۔

رفاقت گیلانی

مزید : میٹروپولیٹن 1