ڈیرہ، دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر راکٹ لانچر سے حملہ، جوابی فائرنگ سے فرار

  ڈیرہ، دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر راکٹ لانچر سے حملہ، جوابی فائرنگ سے فرار

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود درابن روڈ کھتی چیک پوسٹ پر رات گئے دہشتگردوں کا راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملہ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور پسپا، چوکی کو جزوی نقصان، واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیئے، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریزخان، آر پی او فلائیٹ لفٹیننٹ(ر) سید محمد امتیاز شاہ اورڈی پی او کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کا چیک پوسٹ کا دورہ، تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں درابن روڈ پر قائم کھتی چیک پوسٹ پر رات گئے موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ دہشتگردوں کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر راکٹ لانچر اور دستی بم پھینکے گئے تاہم اس دوران چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جوانمردی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا جس کے باعث پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ راکٹ لانچرز اوردستی بموں کے حملہ میں چیک پوسٹ کو جزوی طور پر نقصان پہنا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر فرار ہونیوالے دہشگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیئے۔ادھر واقعہ کے بعد سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریزخان، آر پی او فلائیٹ لفٹیننٹ(ر) سید محمد امتیاز شاہ اورڈی پی او کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کھتی چیک پوسٹ کا دورہ کیا اور دہشتگردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر