ڈیرہ،پاک آرمی کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

  ڈیرہ،پاک آرمی کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) تحصیل پروآ کی دور افتادہ یونین کونسل کڑی شموزئی کے رورل ہیلتھ سنٹر کڑی شموزئی میں پاک فوج اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقادکیا گیاجس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا چیک اپ کرکے مفت ادویات فراہم کیں جبکہ پاک فوج کی جانب سے مریضوں اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ محکمہ صحت کی جانب سے انچارج تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پروآ ڈاکٹر شاہجہان دھپ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سرجن ڈاکٹر حافظ محمد فاروق گل، چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر وسیم، ڈینٹل سرجن ڈاکٹر محمد اقبال، ڈاکٹر خورشید، ماہر امراض نسواں ڈاکٹر تہنیت سمیت دیگر ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ فری میڈیکل کیمپ میں نہ صرف میڈیکل،چلڈرن اسپیشلسٹ، گائناگالوجسٹ،ڈینٹل اسپیشلسٹ اور سرجن ڈاکٹرز نے پانچ سو کے قریب مریضوں کا چیک اپ کیااور موقع پر مریضوں کو پاک فوج اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مفت ادویات فراہم کی گئیں وہیں پاک فوج کی جانب سے چیک اپ کے لئے آنے والے مریضوں، ان کے لواحقین اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پرلوگوں نے کہا کہ پاک فوج اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسیر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر طارق خان مسعود میانخیل کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ضلع کے دور دراز علاقہ کڑی شموزئی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس سے سینکڑوں افراد مستفید ہوئے اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وقتا فوقتا ہمارے علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر