مضبوط میڈیا،حکومت سے بہترتعلقات اولین ترجیحات ہیں، اکبر درانی

  مضبوط میڈیا،حکومت سے بہترتعلقات اولین ترجیحات ہیں، اکبر درانی

  



اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزارت اطلاعات و نشریات کے وفاقی سیکرٹری اکبرحسین درانی نے کہا ہے میڈیا سے حکومت کے بہترین تعلقات اور ملک میں مضبوط میڈیا کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی سمیت تمام اہم معاملات پر میڈیا مالکان اور صحافتی تنظیموں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے خصوصی انٹرویو میں کیا انکامزید کہنا تھا میڈیا کا مضبوط ہونا کسی بھی حکومت اور ریاست کے استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہوتا ہے اسلئے میڈیا کومزید مضبوط بنانا میری اولین ترجیح ہے۔ میڈیا اوراس سے وابستہ افراد میرے لیے نئے نہیں، مجھے بطورڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سمیت دیگر عہدوں پر بھی میڈیا کیساتھ کام کرنے کا تجربہ ہے۔میرے دروازے میڈیا سے وا بستہ افراد کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔میڈیا سے یہ کہتا ہوں وہ حکومت کے حوالے سے جو بھی تبصرہ تجزیہ دینا چاہیں،ضرور دیں لیکن حکومتی اقدامات کو بھی نمایاں کوریج دیں۔حکومت تیز ی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جارہی ہے اور اس حوالے سے وزارت اطلاعات میں وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ڈیجیٹل ونگ قائم کردیا گیا ہے جس کا کام جلد سب کو نظر آئیگا۔ ڈیجیٹلائزیشن اور نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی پر میڈیا مالکان، ایڈیٹرز،صحافتی تنظیموں کے نمائند گا ن کی سفارشات حاصل کی جائیں گی اور ان کی سفارشات کو شامل کر کے پالیسیز کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ملک میں نوجوانوں کو متحرک کرنے اور سیاست سے ہٹ کر معاشرے سے وابستہ مختلف مسائل کو زیر بحث لا کر ان کے حل کے حوالے سے مقامی یا قومی سطح پراجتما عی حکمت عملی کیلئے ملک کے تمام اضلاع میں نیشنل میڈیا سینٹرزقائم کیے جا رہے ہیں جہاں سیاست سے ہٹ کر ہر موضوع پر مختلف شعبوں کے ماہرین بحث کر سکیں گے جس کی مقامی،علاقائی اور قومی میڈیا میں کوریج کی جائے گی۔انفارمیشن گروپ کے افسران کی بیرون ملک سفارتخانوں میں پریس منسٹر،پریس قونصلر اور پریس اتاشی تعیناتی کے عمل کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور اسے حتمی منظوری کیلئے وزیر اعظم پاکستان کو بھیجوایا جائے گا جن کی منظوری کے بعد ایک مہینے کے اندر تمام افسران کی بیرون ملک پوسٹنگ مکمل کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا سپریم کورٹ نے فارن پوسٹنگ میں 25فیصد نجی سیکٹر کے کوٹے کیخلاف کیس میں انفارمیشن گروپ کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے جس کے نتیجے میں انفارمیشن گروپ کو پریس منسٹر،پریس قونصلر اور پریس اتاشی کی مجموعی طور پر مزید6پوسٹیں مل گئی ہیں جن پر تعیناتی کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا تاہم سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعداس کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اکبر درانی

مزید : صفحہ آخر