ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،میئر کراچی

ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،میئر کراچی

  



کراچی(این این آئی) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پانی، ٹرانسپورٹ اور سیوریج کراچی کے تین بڑے حل طلب مسائل ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کاموں میں گیارہ ماہ کا وقفہ آنے کی وجہ سندھ حکومت کی طرف سے اے ڈی پی کی مد میں تاخیرسے ادائیگی ہے۔ اب پہلا کوارٹر کے ایم سی کو ملا ہے جس سے جاری کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں، کراچی کی حدود میں کے ایم سی اور اس کی منتخب کونسل کی منظوری کے بغیر ترقیاتی کام نہیں کرائے جاسکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی سہ پہر یونین کونسل 34 کورنگی میں زیرتعمیر ڈیڑھ کلو میٹر طویل سڑک اور پلیا کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، رکن صوبائی اسمبلی غلام جیلانی، وائس چیئرمین بلدیہ کورنگی سید احمر علی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کے متعلقہ آفیشلز کو کل ہی یہاں بلا کر فراہمی آب اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے بات کی جائے، میئر کراچی نے کہا کہ یہاں دو کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیڑھ کلو میٹر سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ نالے کے ساتھ دو پلیہ بھی اس کے ساتھ تعمیر ہوں گی اور نالے کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

میئر کراچی

مزید : صفحہ آخر