تاجر، سرمایہ کار کو آسانیاں فراہم کرنا ترجیح، مہنگائی مافیا کو نہیں چھوڑوں گا: وزیراعظم، وزیراعلٰی سندھ مرادشاہ پیر پگاڑ ا سے ملاقاتیں

  تاجر، سرمایہ کار کو آسانیاں فراہم کرنا ترجیح، مہنگائی مافیا کو نہیں چھوڑوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سازگار ماحول کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ملک میں ترسیلات بھیجتے ہیں جس سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، ہماری نوجوان آبادی اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی نڑاد اہم شخصیات سمیت کراچی میں ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً ملک میں معیشت کے مختلف شعبے میں قطر ی سرمایہ کاری اور قطر میں پاکستانی جوانوں اور ہنر مندوں کے لئے نوکریوں کے مواقع و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کاروباری برادری اور سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کیلئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کیلئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،کاروبار دوست معاشی پالیسیاں، استحکام اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے سازگار ماحول کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔کراچی کے تاجر وفد میں طارق معین الدین خان، سعید اللہ والی، علی حبیب، خالد منصور، بشیر جان محمد، طارق رفیع، بیرام آواری، انجم نثار، آغا شہاب احمد خان،حبیب اللہ، شیخ عمر ریحان، نسیم اختر و دیگر معروف کاروباری شخصیات موجود تھیں۔کاروباری وفد نے وزیراعظم کوتاجروں کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت معاشی ترقی اوراستحکام کے لیے بھرپوراقدامات کررہی ہے تاجربرادری کے مسائل کوبتدریج حل کیا جائے گا۔وزیر اعظم سے تاجروں کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ بی ایم جی گروپ کے چیئرمین قاسم سراج تیلی اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس بھی ملاقات میں شامل تھے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کے 15 رکنی وفد نے وزیر اعظم سے علیحدہ ملاقات کی جن کی سربراہی عقیل کریم ڈھیڈی کر رہے تھے۔ملاقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور فیول ایڈجسٹمینٹ چارجز پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ تاجروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)سے مطلق شکایتوں کے انبار لگا دیے۔دوسری طرف کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مافیا ملک میں پیسہ بنانے کیلئے مہنگائی کرتے ہیں، ایک ایک کو پکڑیں گے، نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بد دیانتی اور سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے ہمیشہ پروگرام ناکام ہوتے ہیں۔ ہماری حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا پروگرام نوجوانوں کیلئے ہے۔ جتنا میرٹ ہوگا، اتنا ہی یہ پروگرام کامیاب ہوگا۔ جو معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے، وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میرٹ کا عمل ٹیلنٹ کو اوپر لاتا ہے۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ سفارشی کلچر کی وجہ سے پاکستان پیچھے رہ گیا۔ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اسے اوپر اٹھاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ادارے کو عالمی معیار کے مطابق بنا سکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارا سسٹم میرٹ کو پروموٹ نہیں کرتا۔ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بیرون ملک پاکستانی بہت آگے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں نے زندگی میں جو خواب دیکھا وہ پورا ہوا۔میرا ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کوعظیم ملک بناؤں۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ مشکل اور قوم کی آزمائش کا وقت ہے۔ میرا خواب ہے کہ پاکستان کو وہ عظیم ملک بناؤں جس کا قائداعظم اور علامہ اقبال نے خواب دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں اچھے اور برے وقت آتے ہیں لیکن کامیاب لوگ برے وقت سے سیکھتے ہیں۔ میں کابینہ میٹنگ میں اپنے وزرا کو گھبرایا ہوا دیکھتا ہوں۔ میں انھیں بھی کہتا ہوں کہ برے وقت سے گھبرایا نہیں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے عظیم اور کامیاب شخص ہمارے نبی ؐ تھے۔ ہمیں ان کی زندگی سے سیکھنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے پہلے ہی دن انھیں اقتدار نہیں دے دیا تھا۔ ہمارے پیارے نبی ؐ نے بڑا مشکل وقت گزارا لیکن مدینہ کی ریاست نے دنیا کی تاریخ بدل دی تھی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی آئی جی سندھ کلیم امام کو تبدیل کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی آئی جی کو تبدیل کرنے کے مطالبہ کی حمایت کی۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات میں آئی جی کیلئے زیر غور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ انہوں نے سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور مسلم لیگ فکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا سے کنگری ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء محمد میاں سومرو، اسد عمر، فیصل واوڈا، علی زیدی، غلام سرور خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جی ڈی اے رہنماؤں نے وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں دیہی سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے اجرا، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زرائع کے مطابق پیر صاحب پگارا نے وزیر اعظم سے کہا کہ ہم آپکے اتحادی ہیں دیہی سندھ کی طرف بھی توجہ دی جائے۔سندھ کے نوجوان بڑی تعداد میں بے روزگار ہیں ان کی مایوسی دور کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں سندھ میں ہر سطح پر تباہی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پیر پگارا کو یقین دہانی کرائی کہ ہم نے کامیاب نوجوان کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔اپنے اتحادیوں کو مایوس نہیں کرینگے۔ اس موقع پر جی ڈی اے سیکریٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو نے وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ کو صاف پانی دلوانے کیلئے وزیر اعظم کردار ادا کریں۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -