سرکاری دفاتر صاف نظر آنے چاہئیں: بزدار

سرکاری دفاتر صاف نظر آنے چاہئیں: بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری دفاتر میں ناکارہ گاڑیوں، مشینری، آلات اور دیگر سامان کو فی الفور نیلام کرنے کا حکم دیا ہے او ر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ ناکارہ سامان کی نیلامی کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ سرکاری دفاتر کو صاف ستھرا نظر آنا چاہئے۔دوسری طرف

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری د یدی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی،ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی پیکیج کی منظوری پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کیلئے ترقیاتی پیکیج منظور کرنے پر آپ کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ آپ نے ملتان کے شہریوں کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ جیسے وزیراعلیٰ کا ہونا ہماری خوش قسمتی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میرا دوسرا گھر ہے اور اس شہر سے دلی لگاؤ ہے۔ میں ملتان سمیت ہر پسماندہ شہر اورعلاقے کا وکیل ہوں۔ ملتان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ جنگلی حیات اور ماہی پروری سے متعلق ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور دیگر امور کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پنجاب بھر میں فش مارکیٹوں کے قیام کی تجویزکی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب ماہی پروری کے فروغ کیلئے 80 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اورکیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں صوبے میں تمام ضروری تیاریاں اور ممکنہ احتیاطی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس ہنگامی طورپرمنگوانے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے تشخیصی کٹس منگوانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر سکیننگ کے نظام کو مزید موثربنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب فوڈ اتھارٹی کومچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی پر پوری توجہ دی جائے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ)کی پاکستان میں نئی سربراہ انا بیل گیری نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے انا بیل گیری کو ڈیفڈ پاکستان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباددی اوران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ملاقات میں پنجاب اورڈیفڈ کے درمیان ڈویلپمنٹ پارٹنرشپ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود مشترکہ نصب العین ہیں۔

وزیراعلی بزدار

مزید : صفحہ اول