بیروز گاری کے خاتمے میں کامیاب جوان پروگرام اہم کردار ادا کریگا،عثمان ڈار
کراچی(آئی این پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی امور نوجوانان عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام سندھ کا آغاز کر دیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے میں کامیاب جوان پروگرام اہم کردار ادا کرے گا اور یہ پروگرام بغیر سیاسی مداخلت کے چل رہا ہے۔ سوموار کے روز معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کامیاب نوجوان پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے سندھ کے نوجوانوں کو ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے کا موقع میسر ہو گا۔ سندھ کے نوجوانوں میں قابلیت اور صلاحیت موجود ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے کاروبار کا آغاز کر کے اپنی زندگی کو بہتربنا سکیں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ واضح بزنس پلان دینے والے نوجوانوں کو قرضہ ضرور ملے گا اور نوجوانوں کو قرضے شفاف انداز سے صرف میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے قرضوں سے چھوٹے کاروبار شروع کر کے ملکی معیشت بہتر کی جا سکتی ہے جبکہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ملک بھر سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے 1 لاکھ 25 ہزار جنرل سٹور کھولنے کیلئے درخواستیں آئی ہیں۔ مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے میں کامیاب جوان پروگرام اہم کردار ادا کرے گا جبکہ کامیاب جوان پروگرام بغیر سیاسی مداخلت کے چل رہا ہے۔
عثمان ڈار