حکومت مہنگائی قابو کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے، راولپنڈی چیمبر
راولپنڈی (کامرس ڈیسک)حکومت مہنگائی قابو کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بجلی گیس اور شرح سود میں کمی لائی جائے۔ افراط زر اور روپے کی قدر میں کمی سے پہلے ہی قوت خرید کم ہو چکی ہے، صنعتی بحالی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ شرح سود میں فوری کمی لائی جائے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے چیمبر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں کھانے پینے اور بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔فوڈ انفلیشن بڑھ کر بائیس فیصد ہو گئی ہے جو گزشتہ بارہ سال میں سب سے زیادہ ہے۔دودھ، سبزیاں،پھل، دالیں، کھانے کا تیل، گھی اور آٹے،چینی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے۔ سیونگ اخراجات کی نذر ہو رہی ہے جس کے باعث مقامی سرمایاکاری رک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاروباری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ زیادہ شرح کے باعث بڑے پیمانے کی صنعت سکڑ کر رہ گئی ہے۔ برآمدات پر مبنی سیکٹرز کی گروتھ کے لیے ضروری ہے کہ کم شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔درآمدی اشیا کی ڈیوٹی کم کی جائے کیونکہ ہماری برآمدات کے لیے زیادہ تر خام مال امپورٹ کیا جاتا ہے۔ صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ حکومتی ایوانوں اور اہم ملاقاتوں میں اس بات کا اشاریہ دیا گیا تھا کہ شرح سود کم ہو گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ حکومتی دعوی کے مطابق کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس ہو چکا، تجارتی خسارے میں ساٹھ سے زائد فیصد کمی بھی آچکی۔ تاہم ابھی تک حکومت شرح سود میں فوری کمی نہیں لا سکی۔