مٹیاری میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ، 3خواتین سمیت 6افرد قتل، 4زخمی

مٹیاری میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ، 3خواتین سمیت 6افرد قتل، 4زخمی

  



مٹیاری(آئی ا ین پی) صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری میں سالار تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 6افراد قتل جبکہ 4شدید زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق مٹیاری کی تحصیل ہالہ کے سالارو کچے کے علاقے میں رشتے کے تنازع پر بروہی اور رند برادریوں کے درمیان تصادم میں 3 خوا تین سمیت6 افراد ہلاک ہو گئے۔دو گروپوں میں ہونیوالی فائرنگ میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ کے مطابق بروہی برادری کے مسلح افراد نے گھروں پر حملے کر کے 3 خواتین سمیت 6 افراد کو قتل کیا، کچے کے علاقے میں صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری ایس ایس پی مٹیاری سمیت طلب کر لی گئی ہے۔انہوں نے فون پر بتایا فائرنگ کا واقعہ شادی کے تنازع پر ہوا، رند برادری نے بروہی برادری کو لڑکی کا رشتے دینے سے انکار کر دیا تھا جس پر مشتعل افراد نے رات گئے ہالہ کے کچے کے علاقے سالارو میں رند برادری کے گھروں پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے بعد دونوں برادریوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے، پولیس کا کہنا ہے صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے، جبکہ لاشوں کوہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دوسری طرف مقتولین کے عزیز و اقارب نے لاشیں رکھ کر قومی شاہراہ پر دھرنا دیدیا ہے، احتجاج کے باعث بھٹ اسٹاپ کے قریب قومی شاہراہ بلاک ہو گئی، پولیس اور رند برادری سے تعلق رکھنے والے مظاہرین میں مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، مقتولین کے ورثا نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے پولیس تحویل میں دینے سے انکار کر دیا ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں علاقے میں ایمبولینس نہ ہونے کے سبب ورثا ء لاشیں ٹریکٹر ٹرالی میں رکھ کر شاہراہ پر لائے۔

میٹاری فائرنگ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر