مہنگائی کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں، انتخاب عالم سوری

مہنگائی کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں، انتخاب عالم سوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس کی جانب سے مہنگائی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صدرہیومن رائٹس کے صدر انتخاب عالم سوری کررہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر، شیخ ارشد، نعیم ربانی،اسمال بزنس ایسوسی ایشن کے نائب صدرعثمان شریف، رفعت اعوان ایڈوکیٹ، خالد جمال، حاجی شریف سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین کے شرکاء نے مہنگائی کے خلاف ایک علامتی جنازہ بھی نکالا، انتخاب عالم سوری نے مظاہرین کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرنے والے تمام وزراء خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوگئی ہے، آئے روز مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا حرام ہوگیا ہے اور مرنے پر بھی ٹیکس لگا کر مشکل میں ڈال دیا ہے،جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر نے کہاکہ سہ ماہی پلس رپورٹ نے عوام کو مایوس کیا ہے، رپورٹ میں واضح کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام میں بے چینی تیزی سے پھیل رہی ہے،حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرضے لے کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے، عوام کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کا دعوی کرنے والے عوام کی جان کے دشمن بن گئے ہیں۔نعیم ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عمران خان کو خوشحالی لانے کے لیے منتخب کیا تھا۔لیکن موجودہ حکومت نے عوام کے منہ سے تو روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے، گذشتہ حکومتوں کی نااہلی سے جان چھڑانے کے لیے عوام نے تحریک انصاف کو منتخب کیا۔خالد جمال نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا۔آٹا 70روپے کلو ہونے کے باوجود عوام کی دسترس سے دور ہے،قوم غربت، جہالت، مہنگائی اور بے روز گاری سے نجات چاہتی ہے،عثمان شریف نے کہا کہ چینی،آٹا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جائے۔