حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی سوئی سدرن سے ملاقات‘بحران پر اظہار تشویش

    حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی سوئی سدرن سے ملاقات‘بحران پر اظہار تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے پیر کو سوئی سدرن گیس کے ہیڈ آفس میں قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر محمد وسیم سے ملاقات کی اور گیس کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے، گھروں اور سی این جی اسٹیشنزپر لوڈشیڈنگ اور صنعتی اداروں میں گیس کی قلت اورپریشر کے مسائل کے حوالے سے گفتگو اور گہری تشویش سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی ایم ڈی امین راجپوت، جی ایم شہباز اسلام موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے وفد میں سیکریٹری عبدالوہاب،پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر و امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،پبلک ایڈ کمیٹی کے عمران شاہد، عنایت اللہ اسماعیل اور دیگر شامل تھے۔قائم مقام ایم ڈی سوئی سدرن گیس نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ حافظ نعیم الرحمن نے سوئی سدرن گیس ہیڈ آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اورگیس بند ش شروع ہوجاتی ہے،جس کی وجہ سے گھریلو صارفین اور صنعتیں ہی نہیں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بری طرح متاثرہو رہی ہے۔ سی این جی اسٹیشنز پرہزاروں افراد گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں،گیس کے نرخ میں اضافے کے باوجود عوام کو گیس نہیں مل رہی ہے۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج اور اس حوالے سے بہت جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158کے تحت کسی بھی معدنی ذخیرے کا پہلا حقدار وہی صوبہ ہو گا،گیس کی ملکی پیداوار میں سندھ کا 74فیصد حصہ ہے،لیکن سندھ کو صرف 38فیصد گیس دی جاتی ہے، حکومت اور متعلقہ ادارے صوبے کو مطلوبہ گیس فراہم کریں، گھریلو صارفین، سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔