کراچی،محکمہ بلدیات کے بی ٹیک انجینئرز کا پریس کلب پر مظاہرہ

کراچی،محکمہ بلدیات کے بی ٹیک انجینئرز کا پریس کلب پر مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (نمائندہ خصوصی) محکمہ بلدیات کے سینکڑوں بی ٹیک انجینئرز کراچی پریس کلب پہنچ گئے، کے ڈی اے، کے ایم سی اور واٹر بورڈ میں تعینات بی ٹیک انجینئرز کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا، اعلی حکام کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات میں تعینات بی ٹیک انجینئرز کو مکمل انجینئرز تسلیم نہ کرتے ہوئے انہیں ان کے موجودہ عہدوں سے فارغ کردیاگیا، جس میں گریڈ 17سے19 تک کے افسران شامل ہیں۔ کراچی واٹر بورڈ میں تعینات تقریباً200 انجینئرز کو ہٹا دیا گیا۔ جبکہ بیشتر نہایت اہم مقامات پر تعینات تھے، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ حان کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے کیونکہ بی ٹیک انجینئرز کو پاکستان انجینئرنگ کونسل تسلیم نہیں کرتی، یہی وجہ ہے کہ بی ای ڈگری رکھنے والے انجینئرز کو ان کی جگہوں پر تعینات کیا جائے گا۔ کے ڈی اے اور کے ایم سی میں تقریباً700 کے قریب بی ٹیک انجینئرز انتہائی اہم عہدوں پر تعینات تھے، جن میں گریڈ 19 کے افسران بھی زد میں آگئے، محکمہ بلدیات کی مزدور یونینوں کے رہنماؤں نے اس عمل کو سپریم کورٹ کے احکامات کی آڑ میں پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت اپنے کارکن بھرتی کرنا چاہتی ہے۔ جس کے لیے فریم ورک مکمل کرلیا گیا ہے۔ بی ٹیک انجینئرز نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اس فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا ہے۔