ایشیارگبی مینز چیمئپن شپ 2020ء کی میزبانی پاکستان کومل گئی

      ایشیارگبی مینز چیمئپن شپ 2020ء کی میزبانی پاکستان کومل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (اسپورٹس رپورٹر) ایشین رگبی یونین نے پاکستان رگبی یونین کو ایشیا رگبی مینز15 چیمپئن شپ 2020 ڈویژن ٹو کی میزبانی سونپ دی، چیمپئن شپ فروری میں لاہور میں ہوگی۔26 سے 29 فروری 2020ء تک ہونے والی اس چیمپئن شپ میں چین، تھائی لینڈ، چائنز تائی پے اور پاکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر چودھری عارف سعید کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ایشیا رگبی نے ہمیں ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی دی ہے۔ ہم اس کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان رگبی یونین نے اپنی ٹیم کی ٹریننگ کیلئے آسٹریلین کوچ ہیڈلے جیکسن کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیم گزشتہ چند ہفتوں سے کوچنگ کیمپ میں شریک ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق ٹیمیں 24 فروری کو لاہور پہنچیں گی۔ پہلا میچ 26 فروری کو تھائی لینڈ اور چین کے درمیان جبکہ دوسرا میچ بھی 26 فروری کی سہ پہر پاکستان اور چائنیز تائی پے کے درمیان ہوگا۔ 29 فروری کو پہلا میچ جیتنے والی ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ہارنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ ایونٹ جیتنے والی ٹیم ڈویژن ون میں کوالیفائی کرجائے گی۔ پاکستان رگبی ٹیم نے پچھلے سال پاکستان میں ہی ڈویژن تھری جیت کر ڈویژن ٹو کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹیم کیمپ ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاہور میں جبکہ 7، 8 ا ور نو فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔ عارف سعید کے مطابق امید ہے کہ پاکستان ٹیم ایک بار پھر امیدوں پر پورا اترے گی اور ڈویژن ون کیلئے کوالیفائی کرئے گی۔