آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز، سیمونا ہالپ، اینٹ کونٹا ویٹ اور گاربین موگوروزا کوارٹر فائنل میں داخل
میلبورن۔ (اے پی پی) رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار اور فورتھ سیڈڈ سیمونا ہالپ، استونیہ کی اینٹ کونٹا ویٹ اور ہسپا نوی ٹینس سٹار گاربین موگوروزا آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ ہالینڈ کی نائنتھ سیڈڈ کی کی برٹنز پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ پیر کو آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میچ میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے بیجلیئم کی حریف کھلاڑی ایلیسی مارٹنز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اسونیہ کی اینٹ کونٹا ویٹ نے پاؤلش حریف کھلاڑی ایگا سویاٹک کو 6-7(4-7)، 7-5 اور 7-5 سے مات دیکر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ ایک اور میچ میں سپینش کھلاڑی گاربین موگوروزا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہالینڈ کی نائنتھ سیڈڈ کی کی برٹنز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-3 سے اپ سیٹ شکست دیکر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔