انڈر 19 ورلڈ کپ،آج2 کوارٹر فائنلز1 سپر لیگ کوارٹر فائنل ہوگا
پوچیفسٹروم(اے پی پی) 13 ویں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ میگا ایونٹ میں (آج) منگل کو آخری دو پلیٹ کوارٹر فائنلز اور ایک سپر لیگ کوارٹر فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ میں 13 ویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں (آج) منگل کو تیسرے پلیٹ کوارٹر فائنل میچ میں زمبابوے اور کینیڈین انڈر 19 ٹیمیں پوچیفسٹروم کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ چوتھے پلیٹ کوارٹر فائنل میچ متحدہ عرب امارات اور سکاٹ لینڈ کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پوچیفسٹروم کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا جبکہ سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے کا پہلا میچ بھارت اور آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پوچیفسٹروم کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کر چکی ہیں جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزما ہیں۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔