ورلڈ کپ میں ٹیم کی جیت میں اہم کردارادا کرناچاہتی ہوں،ڈیانا بیگ

    ورلڈ کپ میں ٹیم کی جیت میں اہم کردارادا کرناچاہتی ہوں،ڈیانا بیگ

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن ٹیم کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے کہاہے کہ ان کو دیکھ کر گلگت بلتستان میں دیگر لڑکیوں نے کرکٹ میں دلچسپی حاصل کرنا شروع کی ہے اور اب وہاں کی لڑکیاں انہیں رول ماڈل سمجھتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں ڈیانا بیگ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو سرخرو کرائیں، کراچی میں کیمپ کے دوران کنڈیشنز کو دیکھ کر تیاریاں کی گئی ہیں، اس بار بہتر نتائج کی کوشش کریں گے۔ فٹبال اور کرکٹ دونوں ہی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ڈیانا بیگ نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے دونوں کھیلوں کو یکساں وقت دیں لیکن ترجیح ان کی ہمیشہ کرکٹ ہی رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کافی بہتر ہوچکی ہے اور اب لڑکیوں کا پول کافی بہتر ہوچکا ہے، گلگت ہو یا بلوچستان، ٹیلنٹ ہر جگہ ہے، سہولیات ہوں تو بہت سی خواتین کرکٹرز سامنے آئیں گی۔ وادی گلگت سے تعلق رکھنے والی فاسٹ بولر نے کہا کہ گلگت بلتستان کی لڑکیاں کھیل کے میدان میں کچھ کر دکھانے کا عزم رکھتی ہیں اور ان کو دیکھ کر مزید لڑکیاں کرکٹ میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ ڈیانا بیگ نے کہا کہ انہیں بتایا جاتا ہے کہ وہ ان لڑکیوں کیلئے ایک رول ماڈل اور امید بن چکی ہیں کہ اگر ڈیانا بیگ کچھ کرسکتی ہیں تو وہ کیوں نہیں.

؟ 24 سالہ کرکٹر نے کہا کہ علاقے کی خواتین کیلئے رول ماڈل کہلانا اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی کیوں کہ لوگ آپ کو دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی رول ماڈل کون ہے تو ڈیانا بیگ نے کہا کہ وہ ثناء میر سے کافی متاثر ہوئی ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی