حکومت فٹ سال کی ترقی کیلئے اقدامات کرے،چوہدری منیر احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پنجاب فٹ سال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح فٹ سال کھیل پر بھی توجہ دے انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ سال کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن حکومت کی جانب فٹ سال کے کھلاڑیوں کو وہ سہولیات میسر نہیں جو ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں گراؤنڈ نہ ہونے سے فٹ سال کا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔ چوہدری منیرنے کہا کہ تعلیمی اداروں میں فٹ سال کا کھیل اپنی مدد آپ کے تحت مقبولیت اختتار کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ہے اور سپانسر کو بھی کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر توجہ دینی چاہئے تاکہ دوسری کھیلوں میں بھی بین الاقومی سطح پر ملک کا نام روشن ہو سکے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت باقاعدگی سے قومی فٹ سال چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہی ہے جس میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔