چائنہ مقیم پاکستانیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں،گل محمد
لاہور (سٹی رپورٹر)پاک چائنہ بزنس کمیونٹی کے صدر گل محمد مرزا نے کہا ہے کہ چین میں کورونا وائرس سے اسی سے زائد لو گ اپنی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ بہت سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان چائنہ میں مقیم پاکستانیوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کریں تاکہ وائرس سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔اس حوالے چین کے اقدامات بھی قابل ستائش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے مارکیٹوں، ریسٹورنٹس اور ای کامرس پلیٹ فارمز پر جانوروں کی فروخت پر بھی ملک بھر میں پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے، کیونکہ ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ و ائرس گزشتہ سال کے اختتام کے قریب ووہان کی سی فوڈ مارکیٹ سے پھیلنا شروع ہوا جہاں غیرقانونی طور پر جانوروں کو فروخت کیا جاتا ہے۔
، جس کے بعد یہ چین کے مختلف شہروں بشمول بیجنگ اور شنگھائی تک پھیل گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکام کی جانب سے ووہان اور ارگرد کے دیگر شہروں کو بند کردیا گیا مگر یہ وائرس کم از کم 12 دیگر ممالک تھائی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، ویت نام، سنگاپور، نیپال، فرانس، آسٹریلیا، ملائیشیا، کینیڈا اور امریکا تک پھیل چکا ہے۔میر ی یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس موزی آفت سے پاکستانیوں سمیت ہر انسان کو محفوظ رکھے۔