ماضی میں کپتان نے جس کو چور کہا آج مشیر بنا لیا،الطاف شاہد

    ماضی میں کپتان نے جس کو چور کہا آج مشیر بنا لیا،الطاف شاہد

  



لاہور(پ ر)پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ کپتان نے ماضی میں جس کسی کوچورکہاوہ آج ان کاوزیر یامشیر ہے۔ عمران خان نے اقتدارمیں آنے کے بعد ہروہ سیاسی برائی شوق سے اپنائی جس کیخلاف وہ کنٹینر پرتقریریں کیا کرتے تھے۔اتحادیوں کے دباؤنے مصلحت پسند وزیراعظم کوکئی بارکمپرومائز کرنے پر مجبور کیا۔ کمزورا ور نادان وزیراعظم درست اوردوررس فیصلے نہیں کرسکتا۔ تبدیلی سرکار نے مہنگائی کی میراتھن جیت لی،ونرٹرافی کپتان کودے دی گئی ہے۔کپتان کے دور اقتدار میں ملک کے طول وارض میں مہنگائی کاطوفان کرپشن بحران سے زیادہ خطرناک ہے۔ وہ مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔سینئر نائب صدر مرزافیصل محمود،سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر،جوائنٹ سیکرٹری عمران خان نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔

چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ عمران خان کابدعنوانی بارے بیانیہ چورمچائے شور والی بات ہے۔اگر حکمران کرپشن میں ملوث نہیں تووسائل کہاں صرف ہورہے ہیں،ابھی تک عوام کوقابل ذکر ریلیف کیوں نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ دن بدن عوام پرمہنگائی کابوجھ ڈالناکہاں کاانصاف ہے۔عوام اپنے احساس محرومی کاماتم کررہے ہیں مگر اقتدار کے ایوانوں میں ان کی شنوائی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دندناتی مہنگائی اپنے ساتھ مزیدکئی مسائل لے کرآئی ہے۔بے حیائی کے ڈانڈے بھی مہنگائی سے جاملتے ہیں،کئی سفیدپوش لوگ پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے جسم فروش بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کیلئے بیانات کافی نہیں ٹھوس اقدامات اٹھاناہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4