وزیراعلی ٰ نے انضمام جیسا مشکل کام انتہائی کامیابی سے پورا کیا، شوکت علی یوسفزئی

وزیراعلی ٰ نے انضمام جیسا مشکل کام انتہائی کامیابی سے پورا کیا، شوکت علی ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں وزیر اعلیٰ نے قبائلی اضلاع کا خیبرپختونخوا میں انضمام جیسا مشکل کام انتہائی خوش اسلوبی اور کامیابی سے پورا کیا۔ صوبے سے باہر محمود خان کے خلاف پروپیگنڈا ہوتا ہے کہ کوئی کام نہیں کرتے لیکن فاٹا انضمام کے بعد وہاں پر کامیابی سے پولیس کو ایکسٹنڈ کرنا، لیویز اور خاصہ دار فورس کو پولیس میں ضم کرنا، عدالتوں کا قیام عمل میں لانا اور کامیاب انتخابات کرانا اور قبائلی اضلاع کے لیے تقریباً 84 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ وزیر اعلیٰ محمود خان نے ممکن بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ محمود خان، وزیر جنگلات سید اشتیاق ارمڑ، ترجمان صوبائی حکومت اجمل وزیر، سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز حسین شاہ، ڈی جی انفارمیشن امداداللہ اور پشاور پریس کلب کے صحافی شریک ہوئے۔ شوکت یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاور پریس کلب پورے صوبے کے پریس کلبوں کے لیے رول ماڈل ہے وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایات پر پشاور پریس کلب کا سالانہ گرانٹ 30 لاکھ سے بڑھا کر 60 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے اور تحصیل پریس کلبوں کو گرانٹ کی فراہمی کے لیے پالیسی پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب کو ایک اکیڈمی کے طور پر ہونا چاہیے جہاں پر نئے آنے والے صحافیوں کی تربیت ہو۔ پشاور پریس کلب صحافی برادری کے آپس میں اور دوسرے ضلعوں اور تحصیل پریس کلب کے اختلافات اور مشکلات دور کرنے میں کردار ادا کرے۔ صوبائی وزیر نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی پیش کی۔

مزید : صفحہ اول