گلیات سنو فیسٹیول 31 جنوری سے نتھیاگلی میں شروع ہوگا
پشاور(سٹی رپورٹر) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے گلیات سنو فیسٹیول 31 جنوری سے نتھیا گلی میں شروع ہو گا جس کی اختتامی تقریب 2 فروری کو ہو گی، فیسٹیول میں سکینگ، بائیکرز، سنو ہائیکنگ، سنو ٹیوبنگ، بون فائر، رسہ کشی، سنو فٹبال، کیمپنگ، وی لاگ مقابلے، فوڈ سٹالز، سنو کارٹونز، جیپ ریلی سمیت دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سیاحوں کو اس فیسٹیول سے دن بھر محظوظ ہونے کے بعد موسیقی نائٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں نامور گلوکار علی عظمت، عمیر جاسوال اور فنکار حمزہ علی عباسی شرکت کرینگے، تین روزہ فیسٹیول میں ان مقابلوں کا انعقاد گلیات کے مختلف مقامات نتھیاگلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی، خانسپوراور مشک پوری ٹاپ پر کیا جائے تاکہ گلیات سفر کرنے والے سیاح تمام مقامات کی سیر و تفریح سمیت گلیات کے خوبصورت مقامات سے لطف اندوز بھی ہو سکیں، موسم سرما میں گلیات سنو فیسٹیول منعقد کرنے کا مقصد سیاحوں کو موسم گرما کے علاوہ موسم سرما میں بھی اس جانب رخ کروانا ہے تاکہ سیاح پورا سال یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں، واضح رہے کہ امسال گلیات آنے والے سیاحوں کی تعداد کافی زیادہ تھی جو گزشتہ سالوں کی نسبت کئی زیادہ ہے۔