ریلوے خسارہ کیس،شیخ رشید سپریم کورٹ پہنچ گئے

ریلوے خسارہ کیس،شیخ رشید سپریم کورٹ پہنچ گئے
ریلوے خسارہ کیس،شیخ رشید سپریم کورٹ پہنچ گئے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ریلوے خسارہ کیس کی سماعت آج ہوگی، سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے شیخ رشید اور سیکرٹری ریلوے کو طلب کررکھا ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت پہنچ گئے ۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ گزشتہ دورے حکومت کی آڈٹ رپورٹ ہے ،عدالت کے سامنے اپنی گزارشات پیش کروں گا،انہوںنے کہا کہ میں اکیلا رکن ہوں کیا ایک ووٹ سے حکومت بن سکتی ہے،عدالت خودسمجھدار ہے،انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پر کہا تھا سب ووٹ دیں گے سب نے ووٹ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریلوے خسارہ کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہاتھا کہ ریلوے سے کرپٹ پاکستان میں کوئی ادارہ نہیں ،ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی،آج بھی ہم پاکستان میں 18 ویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں ،مسافر گاڑیوں کا حال دیکھیں ۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاتھاکہ آپ کا ریکارڈکمپیوٹرائزہونے کے بجائے مینول ہے، چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس کو ریلوے کی وزارت درکار ہے پہلے خود ریلوے پر سفر کرے، ریلوے کا پورامحکمہ سیاست میں پڑا ہواہے،روز حکومت گرارہا ہے اور بنا رہا ہے،وزارت سنبھال نہیں پارہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاتھا کہ ریلوے کو اربوں روپے کا خسارہ ہو رہا ہے رپورٹ نے واضح کردیا ،ریلوے کا نظام چل ہی نہیں رہا، چیف جسٹس پاکستان نے وزیرریلوے کا نام لئے بغیر ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ریلوے سے کرپٹ پاکستان میں کوئی ادارہ نہیں ،ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی،آج بھی ہم پاکستان میں 18 ویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں ،مسافر گاڑیوں کا حال دیکھیں ،دنیا بلٹ ٹرین چلا کر مزید آگے جا رہی ہے ۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ ریلوے میں جو آگ لگی تھی اس معاملے کاکیا ہوا؟،وکیل ریلوے نے کہا کہ معاملے پر انکوائری ہوئی ہے 2 افراد کیخلاف کارروائی ہوئی ہے۔چیف جسٹس نے کہاکہ چولہے میں پھینکیں اپنی کارروائی ۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ریلوے کے سی او عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟،وکیل ریلوے نے کہا کہ سابق سی او کو نوٹس گیا ہے موجودہ کو نہیں ۔عدالت نے وزیرریلوے شیخ رشید احمدکو آج طلب کررکھا ہے، عدالت نے سیکرٹری ریلوے اورچیئرمین ریلوے کو بھی آج طلب کرلیاگیا۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد