زرداری کی سکیورٹی پر 163 ارب، جاتی امرا پر 214 کروڑ کا خرچہ، حکومت کا ایک ماہ میں ریکوری کا اعلان

زرداری کی سکیورٹی پر 163 ارب، جاتی امرا پر 214 کروڑ کا خرچہ، حکومت کا ایک ماہ میں ...
زرداری کی سکیورٹی پر 163 ارب، جاتی امرا پر 214 کروڑ کا خرچہ، حکومت کا ایک ماہ میں ریکوری کا اعلان

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سکیورٹی کے نام پر 163 ارب روپے خرچ کیے، جاتی امرا کی سکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے، ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکور کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سابق صدر اور وزیر اعظم نے بہت زیادہ اخراجات کیے، پاکستان کو شاہ خرچیاں کرنے والے حکمرانوں نے لوٹا، قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر شاہانہ اخراجات کیے گئے، یوسف رضا گیلانی نے 5 کیمپ آفس بنا رکھے تھے، آصف زرداری نے 3 کیمپ آفس بنا رکھے تھے، انہوں نے سکیورٹی کے نام پر 163 ارب روپے سے زائد خرچ کیے،شہباز شریف نے 5 کیمپ آفس بنائے ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جاتی امرا کی سکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جاتی امرا کی دیوار پر 27 کروڑ روپے خرچ ہوئے، شریف خاندان کی سکیورٹی پر 2 ہزار 753 اہلکار مامور تھے، بیرون ملک علاج کیلئے نواز شریف خصوصی طیارے پر گئے،ان کے بیرون ملک علاج کے ایک دورے پر 24 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ نواز شریف نے لندن کے 55 نجی دورے کیے، مئی 2016 میں نواز شریف کے علاج پر 34 کروڑ خرچ آیا۔

مراد سعید کے مطابق نواز شریف کے جہاز کو 556 بار شہباز شریف نے استعمال کیا ، گزشتہ 10 سال میں 24 ہزار ارب قرضہ لیا گیا، سابق حکومت تمام ادارے خسارے میں چھوڑ کر گئی،ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکور کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم ہاو¿س میں نہ رہنے کا اعلان کیا وہ اپنے ذاتی گھر بنی گالا میں رہتے ہیں، عمران خان نے بنی گالا کی سڑک اپنی جیب سے بنائی، وزیر اعظم عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ بچا رہے ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی