”خوش آمدید ! شعیب ملک“

”خوش آمدید ! شعیب ملک“
”خوش آمدید ! شعیب ملک“

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکا کے مایہ ناز سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے 4 مختلف صدیوں میں کرکٹ کھیلنے والوں کی فہرست میں شامل ہونے والے شعیب ملک کو خوش آمدید کہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 38 سالہ شعیب ملک دنیا کے آٹھویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے 4 مختلف صدیوں تک کرکٹ کے کھیل کو رونق بخشی۔ انہوں نے 1999ءمیں ویسٹ انڈیز کیخلاف شارجہ میں ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا جبکہ 2001ءمیں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور حال ہی میں بنگلہ دیش کیخلاف ہونے والی ٹی 20 سیریز کیلئے ناصرف قومی ٹیم کا حصہ تھے بلکہ پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی سے جیت میں کلیدی کردار بھی ادا کیا۔

ماضی میں قومی ٹیم کی کپتانی کرنے والے شعیب ملک یہ اعزاز حاصل کر کے ولفریڈ رہوڈز، ڈینس برائن کلوز، فرینک وولی، سچن ٹنڈولکر، جیک ہوبز، جارج گن اور سنتھ جے سوریا جیسے کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

سنتھ جے سوریا نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر شعیب ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”وہ بہت ہی ورسٹائل کھلاڑی ہیں جنہوں نے کچھ وجوہات کی بناءپر سری لنکا کیخلاف ہمیشہ کارکردگی دکھائی ہے، انہوں نے ہمارے خلاف کافی رنز بنائے اور بال کے ساتھ بھی خطرے کی علامت ثابت ہوئے۔ “

ان کا کہنا تھا کہ ”طویل عرصے تک کھیل کے میدان میں رہنے کے پیچھے چھپا راز ان کی فٹنس ہے اور کیرئیر کو اتنا طویل کرنا بہت ہی زبردست بات ہے کیونکہ موجودہ دورہ کی کرکٹ کو دیکھتے ہوئے ایسا کرنا بہت مشکل ہے ۔ میں بہت کم کھلاڑیوں کو اتنے لمبے عرصے تک کھیلتا دیکھ رہا ہوں اور صرف وہی ایسا کرنے میں کامیاب ہوں گے جو بہت ہی زیادہ فٹ ہیں۔“

مزید : کھیل