” تم نے بہت ہی گھٹیا بات کہی تھی اور تم عزت کے قابل بھی نہیں جبکہ۔۔۔“ رانا نوید الحسن نے وریندر سہواگ کو آئینہ دکھا دیا

” تم نے بہت ہی گھٹیا بات کہی تھی اور تم عزت کے قابل بھی نہیں جبکہ۔۔۔“ رانا ...
” تم نے بہت ہی گھٹیا بات کہی تھی اور تم عزت کے قابل بھی نہیں جبکہ۔۔۔“ رانا نوید الحسن نے وریندر سہواگ کو آئینہ دکھا دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر رانا نوید الحسن نے سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا سہواگ نے انتہائی گھٹیا بیان دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وریندر سہواگ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ محمد یوسف، ثقلین مشتاق، رانا نوید الحسن اور شعیب اختر سمیت بہت سے سابق کرکٹرز صرف پیسوں اور بھارتی میڈیا پر آنے کیلئے بھارت کی تعریف کرتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ایسا کرنے سے انہیں بھارتی میڈیا ہاﺅسز کی جانب سے کنٹریکٹس مل جائیں گے۔

رانا نوید الحسن نے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ”سہواگ نے بہت گھٹیا بیان دیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی میڈیا پر آنے کیلئے ایسے بیانات دیتے ہیں۔ یہ بالکل سچ نہیں ہے اور میں سہواگ کے بارے میں ادا کئے گئے اپنے تعریفی الفاظ بھی واپس لیتا ہوں کیونکہ ان لوگوں کو عزت ہضم نہیں ہوتی۔“

ان کا کہنا تھا ”میں دبئی کی ایک لیگ میں سہواگ کی کپتانی میں کھیلا اور ہم نے ٹورنامنٹ جیتا بھی، اس لئے میں نے اس کی تعریف کی، اگرچہ کامیابی ٹیم کی محنت کا نتیجہ تھی لیکن چونکہ تم کپتان تھے اس لئے تمہیں بھی اس کا کریڈٹ جاتا تھا لیکن تم نے اس کا غلط مطلب سمجھ لیا کہ ہم بھارت میں ’کامیاب‘ ہونے کیلئے آپ لوگوں کی تعریف کرتے ہیں۔“

رانا نوید الحسن نے مزید کہا کہ ”تم نے دو سال قبل بھی ایسا ہی ایک گھٹیا بیان دیا تھا لیکن میں نے اسے نظرانداز کر دیا، بہرحال تمہیں سوشل میڈیا پر خاموش کرانے کیلئے اب ہمیں جواب دینا ہی تھا۔“

مزید : کھیل