حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے رجسڑیشن کا طریقہ کار بتادیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ویکسین لگانے کے لیے رجسڑیشن کا طریقہ کار جاری کردیا، تمام شہری ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کرواسکیں گے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا ویکسین لگانے کے لیے جامع پلان وفاق اور صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ۔ پلان کے مطابق تمام شہری ایس ایم ایس کے ذریعے 1166 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے۔رجسٹریشن کے لیے این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ کا استعمال بھی کیا جا سکے گا۔ اے وی سی سینٹرز میں ویکسین کی دستیابی پر شہریوں کو اپوائنمنٹ تاریخ کے قریب انتظامیہ کی جانب سے ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔
طریقہ کار کے مطابق شہری سب سے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر مسیج میں لکھ کر 1166 پر ارسال کریں یا قومی ادارہ صحت ویب سائٹ پر فارم بھریں۔دوسرے مرحلے میں این سی او سی آپ کے شناختی کارڈ کے موجودہ پتے کے مطابق آپ کو مخصوص ویکسین سینٹر کا پتہ ایم ایس کے ذریعے بھیجے گا۔تیسرے مرحلے میں جب ویکسین دستیاب ہوجائے تو رجسٹریشن کرنے والے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے آپ کو ایک مخصوص تاریخ اور وقت بتا کر ویکسین لگانے کیلئے بلایا جائے گا۔چوتھا مرحلہ یہ ہے کہ آپ ایس ایم ایس یا ویب سائٹ کے ذریعے اپنی مرضی کا ایڈریس ڈال سکتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کیلئے مفید ہے جو دوسرے شہروں میں مقیم ہیں۔پانچویں مرحلے میں آپ ویکسین سینٹر پر جاکر اپنا قومی شناختی کارڈ اور ایس ایم ایس پر موصول ہونے والا پن کوڈ دکھائیں گے۔چھٹے مرحلے میں ویکسین سینٹر کا عملہ آپ کے شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گا۔ساتویں مرحلے میں آپ کو ویکسین لگادی جائے گی اور آپ کو کم از کم 30 منٹ کے لیے ویکسین سینٹر میں ہی بٹھایا جائے گا اور اس دوران آپ کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔آٹھویں مرحلے میں آپ اپنے گھر جائیں گے اور وزارت صحت کا عملہ سرکاری ڈیش بورڈ پر ڈیٹا اپ ڈیٹ کردے گا۔