سینے میں درد کے باعث دوبارہ ہسپتال منتقل ہونے والے سارو گنگولی کی حالت اب کیسی ہے؟
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی شہرت یافتہ بلے باز اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو کنگولی طبیعت خراب ہونے پر ایک بار پھر ہسپتال میں داخل ہیں اور ڈاکٹرز نے آئندہ 48 گھنٹوں کو اہم قرار دیدیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان اور بائیں بازو سے کھیلنے والے دنیا کے بہترین اوپنر میں سے ایک سارو کنگولی کو گزشتہ روز سینے میں تکلیف کے باعث دوبارہ ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ 48 سالہ سارو کنگولی کی دل کی تین شریانیں بند ہونے پر اسی ماہ اینجیوپلاسٹی ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر منتقل ہوگئے تھے تاہم اب انہیں دوبارہ سینے میں تکلیف ہوئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مایہ ناز کھلاڑی کے دوبارہ سے کئے گئے تمام ٹیسٹس نارمل آئے ہیں اور ای سی جی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی ہے تاہم آئندہ 48 گھنٹوں میں دوبارہ اینجیوپلاسٹی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سارو کنگولی نے ایک روزہ میچ میں 1992ءمیں ڈبیو کیا تھا اور 2007ءمیں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 1996 میں کھیلا اور 2008ءمیں طویل طرز کی کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو گئے تاہم کمنٹری جاری رکھی اور 2019ءسے بھارتی کرکٹ بورڈ میں بطور صدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔