کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کا معاملہ، پی سی بی نے تحقیقات شروع کر دیں

کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کا معاملہ، پی سی بی نے ...
کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کا معاملہ، پی سی بی نے تحقیقات شروع کر دیں
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی ٹیسٹ میچ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کی تحقیقات شروع کردیں اور ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق جیسے ہی ذمہ داران کا علم ہوا ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کی نشاندہی گزشتہ روز ہوئی اور حیران کن طور پر دوسرے دن کا کھیل بھی مذکورہ سائٹ پر نشر ہوتا رہا جس پر لوگ شرطیں لگاتے رہے،ویڈیو کی بائیں جانب پی سی بی کا لوگو تک موجود ہے، یہ ویب سائٹ بغیر وی پی این کے پاکستان سے بھی کھولی جا سکتی ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے اس معاملے پر رابطہ کئے جانے پر بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی ذمہ داران کا علم ہوا ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ یہ لائیو سٹریمنگ غیرقانونی طور پر ہورہی ہے، ہمارا سپانسر شپ معاہدہ نیوز ویب سائٹ sky247.net سے ہے، اس کے پیج پر منگل کو بیٹنگ سائٹ کا لنک آنے کی ہم نے نشاندہی کر دی تھی، اب وہاں ایسا کوئی اشتہار موجود نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بیٹنگ ویب سائٹ sky247.com پی سی بی کے سپانسر ادارے کی ہی ہے، البتہ سمع الحسن برنی کے مطابق سپانسر ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ انہوں نے ایک بار پھر سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوانین کے تحت بیٹنگ اور الکوحل کی کمپنیز کرکٹ ایونٹس کو سپانسر نہیں کر سکتیں،ہم اس پر مکمل عمل کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے میچز بھی ایک جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہوئے تھے اور پی سی بی کا اس حوالے سے موقف تھا کہ کمرشل پارٹنر نے بغیر اجازت لئے بیٹنگ ویب سائٹ سے معاہدہ کیا، اس پر سخت ایکشن لیا جائے گا، کچھ عرصے بعد معافی پر معاملہ ختم ہو گیا مگر پھر مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر بورڈ نے مذکورہ کمپنی سے معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔

مزید :

کھیل -