واٹس ایپ نے بھی واٹس ایپ ’جوائن‘ کرلیا، سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بھی واٹس ایپ ’جوائن‘ کرلیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صارفین کو آج (جمعرات کو) اس وقت حیرت ہوئی جب ان کے واٹس ایپ سٹیٹس میں سب سے پہلا سٹیٹس ہی واٹس ایپ کمپنی کا نظر آیا۔ واٹس ایپ کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ پر اب تک چار سٹیٹس لگائے گئے ہیں۔
پہلے سٹیٹس میں واٹس ایپ نے یہ اطلاع دی کہ انہوں نے بھی واٹس ایپ جوائن کرلیا ہے اور اس سٹیٹس کے سیکشن کے ذریعے وہ اپنے صارفین کو نئے فیچرز اور اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کیا کریں گے۔
دوسرے سٹیٹس میں واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کی پرائیویسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تیسرے سٹیٹس میں واٹس ایپ انتظامیہ نے واضح کیا کہ وہ صارفین کے پیغامات نہ تو پڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی انہیں سن سکتے ہیں۔
چوتھے اور آخری سٹیٹس میں انتظامیہ نے صارفین کو پیغام دیا کہ مزید معلومات کیلئے کمپنی کے ساتھ جڑے رہیے۔
واٹس ایپ کی جانب سے واٹس ایپ جوائن کیا گیا تو سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس بارے میں خوشگوار حیرت کا اظہار کرنا شروع کردیا۔ لوگ واٹس ایپ کے واٹس ایپ جوائن کرنے پر اتنا زیادہ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں کہ ’واٹس ایپ‘ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔