اعظم خان سے زبردستی نگران کابینہ بنوائی گئی ،تیمور سلیم جھگڑا کا الزام

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اعظم خان سے زبردستی نگران کابینہ بنوائی گئی ،نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان شفاف الیکشن کروائیں۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ حیرت ہوئی جب گورنر نے کہا کہ الیکشن کےلئے تاریخ دینا میرا کام نہیں ، جب کریانہ مرچنٹ کے لوگوں کو اٹھا کر گورنر بنائیں گے تو انکو آئین کا کیا پتہ ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ انتخابات آئین اور جمہوریت کا تقاضاہے،جمہوریت کا مطلب ہے آئین پرعملدرآمد کرنا ہے ، کسی قسم کی کوئی ایمرجنسی آئین سے بالاتر نہیں،ان کاکہناتھا کہ آئی ایم ایف جب کہے گا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھاو¿ پھر کیا کریں گے؟پورٹ پر کنٹینرز کھڑے ہیں،ذمہ دار کون ہے؟
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہاکہ الیکشن کیلئے ہم نے اسمبلی توڑی،نگران کابینہ پی ڈی ایم کی دوسری ٹیم ہے،نگران وزیر اعلیٰ پر عمران خان نے اعتماد کیا ، نگران وزیر اعلیٰ کو مس گائیڈ کیا جارہا ہے، نگران کابینہ میں صرف پی ڈی ایم کے لوگ شامل کئے گئے ،نگران کابینہ کی جانبداری کے باوجود الیکشن میں جائینگے ۔
ان کاکہناتھا کہ آئی ایم ایف نگران کابینہ کو سیریس نہیں لے رہا، یہ لوگ استعفیٰ دیں ،ہمارے خلاف شوشے چھوڑے جارہے ہیں ،سامنے آئیں اور عدالتوں سے رجوع کریں،کیا دوسری پارٹیوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف بات نہیں کی؟ان کا کہناتھا کہ فواد چودھری کو سزا کیوں دی جارہی ہے ،اسحاق ڈار نے ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لانے کا بیان دیا۔