کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب میں شاہانہ رہائش دیکھ کر آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر نے حال ہی میں سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور اپنی فیملی کے ہمراہ سعودی دارالحکومت ریاض میں مقیم ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق کرسٹیانو رونالڈ، ان کی فیملی اور سٹاف کو مستقل رہائش گاہ میں منتقل ہونے تک ریاض کے فورسیزن ہوٹل میں ایسی پرتعیش قیام گاہ دی گئی ہے کہ دیکھ کر آنکھیں خیرہ ہو جائیں۔
View this post on Instagram
کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے سٹاف کے لیے کنگڈم سویٹ کی اس 99منزلہ عمارت میں 17عالیشان سوٹس بک کرائے گئے ہیں جن کا ماہانہ کرایہ اڑھائی لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 8کروڑ 14لاکھ روپے) ہے۔ان سوٹس میں لیونگ رومز، پرائیویٹ آفس، ڈائننگ روم اور میڈیا روم سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں۔کرسٹیانو کی لائف پارٹنر جارجینا روڈریگوئز سعودی عرب کے اس لگژری ہوٹل میں اپنی شاہانہ زندگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو مستقل طور پر ریاض کے ایک بہترین علاقے میں ایک محل نما عالیشان گھر میں رہائش پذیر ہوں گے، جس کی مالیت اربوں روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔اس گھر میں ایک اولمپک سائز کا سوئمنگ پول، آبشاروں سے مزین استقبالیہ اور تین اضافی ولاز بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اس سے قبل برطانیہ کے مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب سے وابستہ تھے۔ اس کلب کو گزشتہ سال نومبر میں انہوں نے خیرباد کہا اور سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ ساڑھے 17کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 56ارب 95کروڑ روپے) سالانہ میں معاہدہ کر لیا۔